ابنا: پاکستان کی فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کے بعد لاہور اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے 20 اضلاع میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ پاکستان کے علاقے شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کے بعد حساس اداروں نے لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، جھنگ، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، بھکر اور ڈی جی خان سمیت پنجاب بھر کے 20 اضلاع میں نماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر پنجاب حکومت کو سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ حساس اداروں نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ نماز جمعہ کے موقع پر مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے حساس اداروں کی رپورٹ کے بعد پنجاب بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے پولیس اور ایلیٹ فورس کی اضافی نفری طلب کر لی ہے۔ واضح رہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پاکستان کی فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری سے غیر ملکیوں سمیت 38 شر پسندوں کی ہلاکت کے بعد کالعدم تحریک طالبان مہمند ایجنسی کے امیر عمر خالد خراسانی کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ ہر عمل کا رد عمل ہوتا ہے۔
.......
/169